Skip to main content

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ متاثر ملک امریکہ سے اچھی خبر

 

کورونا کے باعث اموات کے دردناک ایک ماہ کے بعد ملک بھر میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد میں واضح کمی ریکارڈکی گئی۔

covid19


واشنگٹن ( 12 مئی 2020ء) کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث سب سے زیادہ متاثر ملک امریکہ سے اچھی خبر۔ کورونا کے باعث اموات کے دردناک ایک ماہ کے بعد ملک بھر میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد میں واضح کمی ریکارڈکی گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں گزشتہ دو روز کے دوران کورونا وائرس سےہونے والی یومیہ ہلاکتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 830 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق اتوار کے روز بھی امریکہ میں 776 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔ یوں اگر گزشتہ دو روز کے اعداد و شمار کےمطابق تو امریکہ میں گزشتہ ایک ماہ سے کورونا کے باعث ہونے والی یومیہ ہلاکتوں میں یہ ایک ریکارڈ کمی ہے۔

 

اس سے قبل امریکہ میں مسلسل کئی روز تک یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے اوپر رہی  تاہم گزشتہ دو روز میں یومیہ اموات کی تعداد واضح کمی کے ساتھ 900 سے بھی نیچے آ گئی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں اتوار کے روز 776 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں جو کہ مارچ کے مہینے میں جب کورونا نے شدت اختیار کی تھی تب سے اب تک کی یومیہ ہلاکتوں کی سب سے کم ترین تعداد ہے۔

ذرائع ابلاغ نے شعبہ صحت کے اعداد و شمار کا ریکارڈ رکھنے والی ایک امریکی تنظیم کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ میں مہلک وائرس کے سبب اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے تقریباً 25 ہزار یا لگ بھگ 30 فیصد اموات نرسنگ ہومز میں ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں اب 80 ہزار 352 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 85 ہزارسے زائد ہو چکی ہے۔ متفرق میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک امریکہ میں 259,073 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔  دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی مسلسل اضافے کے ساتھ 42 لاکھ 54 ہزار800 کی سطح کو پہنچ گئی ہے۔


Comments